منگلورو،6؍نومبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈھائی سال بعد جب کرناٹک اسمبلی کے لئے انتخابات ہو ں گے، ریاست میں بی جے پی 140تا150سیٹوں کے ساتھ واضح اکثریت والی حکومت قائم کرے گی۔
منگلورو میں بی جے پی کی ریاستی مجلس عاملہ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز میں بھی ایک اور بار مودی حکومت کا برقرار رہنا طے ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی کو اس قدرمضبوط کیا جائے گا کہ وہ اپنے بل پر ریاست کے اقتدار پر آجائے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ کانگریس وجے ڈی ایس مخلوط حکومت کے انتظامیہ سے بیزار ہو کر 18اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دیا اور وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے 25سیٹوں پر کامیابی حاصل کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کرناٹک میں سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ کونسل کی چار اور اسمبلی کی دو نشستوں کے لئے کروائے گئے انتخابات میں بھی بی جے پی کی جیت صد فیصد طے ہے۔
انہوں نے کہا کہ منگلورو اور اڈپی میں جس انداز سے بی جے پی کو منظم کیا گیا ہے ریاست کے دیگر اضلاع کے لئے یہ ایک مثال ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرناٹک میں منشیات مافیہ کو کچلنے کے لئے حکومت کی طر ف سے سخت قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ ریاست کے مختلف شعبوں کو ترقی کی جانب آگے بڑھانے کے لئے بی جے پی حکومت کی طرف سے ہر ممکن کو شش ہو رہی ہے۔
اس اجلاس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی صدر نلین کمار کٹیل نے کہا کہ جس طرح ساحلی علاقوں میں بی جے پی کو منظم کیا گیا ہے اسی طرز پر ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی بی جے پی کو منظم کیا جائے گا۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی اور مرکزی وزیر ڈی وی سدانند گوڑا نے بھی اس موقع پر تقریر کی۔